ہالی ووڈ اداکارہ کائیلی جینر کی ایک ٹوئٹ نے اسنیپ چیٹ کو اربوں کا نقصان کرادیا

6 فیصد کمی کے بعد کمپنی کو اب تک 1.3 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکاہے

6 فیصد کمی کے بعد کمپنی کو اب تک 1.3 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکاہے

لاس اینجلس: نامور ہالی ووڈ اداکارہ اور ٹی وی اسٹار کائیلی جینرکی ایک ٹوئٹ نے سوشل نیٹ ورکنگ ایپ اسنیپ چیٹ کو ایک ارب 30 کروڑ ڈالر سے زائد  کا نقصان کرادیا۔

اداکارہ کائیلی جینر نے ٹویٹر پر اپنے چاہنے والوں کو مطلع کیا کہ کوئی اور بھی ہے جو اسنیپ چیٹ استعمال نہیں کرتا یا صرف میں ہی ہوں جو ایسا کررہی ہوں، کتنے افسوس کی بات ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے اسنیپ چیٹ کو اپنی پہلی محبت قرار دیتے ہوئے کہا میں اب بھی تم سے محبت کرتی ہوں۔

کائیلی جینر کی اس ٹوئٹ کے بعد اسنیپ چیٹ کے حصص اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سے گرنا شروع ہوگئےاور 6 فیصد کمی کے بعد کمپنی کو اب تک 1.3 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکاہے۔ اسنیپ چیٹ نے اپنی ایپ کا ڈیزائن تبدیل کیا ہے جس کی تخفیف کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد پیٹیشن دائر کرچکی ہے، جس کے باعث کمپنی گزشتہ 3 ماہ میں 348 ملین ڈالر کا نقصان برداشت کرچکی ہے۔ ایک بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اسنیپ چیٹ اس وقت کوئی منافع حاصل نہیں کررہی۔ اسنیپ چیٹ کو پہلے ہی  ایک اور فوٹوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام سے سخت مقابلہ ہے اورکائیلی جینر کی ٹویٹ نے اس وقت کمپنی کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اسنیپ چیٹ دراصل ایک تصاویر والے پیغامات کی ایپ ہے جس میں صارفین ایک دوسرے کو تصاویر بھیجتے ہیں جو ایک مقررہ وقت تک دیکھی جاسکتی ہیں۔

سعودی عرب میں تفریحی مواقع کے فروغ کیلئے 64 ارب ڈالر خرچ کرنے کا فیصلہ

سعودی عرب آئندہ دس سالوں میں 64 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگا، فوٹوبشکریہ انٹرنیٹ

سعودی عرب آئندہ دس سالوں میں 64 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگا، فوٹوبشکریہ انٹرنیٹ

ریاض: سعودی عرب نے ملک میں تفریحی صنعت کے فروغ کے لیے آئندہ دس سال کے دوران 64 ارب امریکی ڈالر مختص کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سعودی عرب کی جنرل انٹرٹنمنٹ اتھارٹی کے سربراہ احمد بن عقیل الخطیب  کا کہنا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے معاشی اور معاشرتی اصلاحی پروگرام ’’وژن 2030‘‘ کے تحت ملک میں تفریحی صنعت کی ترقی کے لیے آئندہ دس سال میں 64 ارب امریکی ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ جس کے تحت رواں سال تقریباً 500 تقریبات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جن میں امریکی پاپ بینڈ ’’مرون 5‘‘ اور کینیڈین پرفارمرز ’’سرک ڈو سولیل‘‘ کے کنسرٹس اور پروگرامز بھی شامل ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سعودی عرب میں پہلے فیشن شو کی تیاریاں

احمد بن عقیل الخطیب کا کہنا تھا کہ ’ماضی میں سرمایہ کار ملک سے باہر اپنا کام تیار کرتے تھے اور اس کی نمائش سعودی عرب میں ہوتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ تفریح سے متعلق اب ہر کام ملک میں ہی ہوگا اور اللہ نے چاہا تو 2030 میں اصل تبدیلی دیکھیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سعودی حکومت کا سینما گھرکھولنے کا اعلان

واضح رہے کہ سعودی عرب میں حالیہ دنوں میں تفریحی صنعت کے حوالے سے کئی اقدامات کیے گئے ہیں مثلاً آئندہ ماہ دارالحکومت ریاض میں فیشن شو کا انعقاد کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ گزشتہ برس دسمبر میں بھی سعودی حکومت نے ملک بھر میں سینما گھروں میں عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 37 سال بعد سینما گھر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

کپل شرما کو پشاور زلمی کی سپورٹ پر بھارت میں شدید تنقید کا سامنا

کپل شرما کی پاکستان اورپی ایس ایل3 سے محبت جرم بن گئی؛ فوٹوٹویٹر

کپل شرما کی پاکستان اورپی ایس ایل3 سے محبت جرم بن گئی؛ فوٹوٹویٹر

کراچی: بالی ووڈ کے نامور مزاحیہ اداکار کپل شرما کا پاکستان اور پاکستانیوں سے لگاؤ ڈھکا چھپا نہیں وہ اکثر موقعوں پر اس کا اظہار بھی  کرتے رہتے ہیں لیکن اب یہی لگاؤ ان کیلئے جرم بن گیا ہے اور بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کے ساتھ ساتھ متعصب میڈیا بھی ان کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان اٹھارہا ہے۔

دبئی میں جاری پی ایس ایل 3 کے رنگارنگ اور گلیمر سے بھرپور شاندار ایونٹ کی چکاچوند نے پاکستان سمیت بھارت کو بھی دیوانہ بنادیا ہے۔ پاک بھارت سرحد پر کشیدگی کے باوجود بھارتی  فنکار خود کو پی ایس ایل میں شرکت کرنے سے روک نہیں پارہے ہیں تاہم بھارتی فنکاروں کی پی ایس ایل کیلئے دیوانگی بھارت اور بھارتی میڈیا کو ایک آنکھ نہیں بھارہی ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مزاحیہ اداکار کپل شرما پاکستان سے بے انتہا محبت اور دل سے عزت کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل 3 میں پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے جب کپل کو اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے مدعو کیا تو کپل انکار نہ کرسکےاور پاکستان سے محبت کی وجہ سے وہ پی ایس ایل 3 میں شرکت کرنے اور پشاور زلمی کو پرموٹ کرنے کیلئے ان دنوں دبئی میں موجود ہیں،  لیکن کپل شرما کی پی ایس ایل 3 میں شرکت بھارتی میڈیا کو سخت ناگوار گزررہی ہے یہاں تک کہ انہوں نے کپل کی حب الوطنی پر بھی سوالیہ نشان اٹھادئیے ہیں۔

ایک بھارتی ویب سائٹ نے کپل کی دبئی میں شرکت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا ’’ہمارے بھارتی جوان سرحد کی حفاظت کرنے کیلئے دن رات جاگتے ہیں تاکہ ہماری قوم چین سے اپنے گھروں میں سو سکےلیکن المیہ یہ ہے کہ کپل ہماری سرحدوں پر کشیدگی پھیلانے والے پاکستان اور پاکستانی ایونٹ پی ایس ایل3 کو سپورٹ کررہے ہیں۔ کیا کپل کے ارد گرد موجود لوگوں نےانہیں نصیحت نہیں کی۔ فنکاروں کی  بیرون ملک جاکر مختلف ایونٹ میں شرکت کرنا عام بات ہے لیکن پاکستانی ٹیم کو کیوں بڑھاوا دیا جارہا ہے۔ ‘‘

ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا نے کپل کی پی ایس ایل میں شرکت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کپل چند پیسوں کیلئے اپنے ملک کی عزت سے کھیل رہے ہیں، جب کہ بھارتی آرمی کا کہنا ہے کہ کپل نے اپنے ملک کی بےعزتی کی ہے۔ بھارتی سیاستدان راج ٹھاکرے کی جماعت کے ترجمان نے کپل کی پی ایس ایل3 میں شرکت اور پرفارمنس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہےکپل کو شرم آنی چاہئے، ہم کپل کا کوئی شو نہیں دیکھیں گے اور دوسروں سے بھی درخواست کریں گے کہ کپل کا کوئی شو نہ دیکھیں۔

دوسری جانب کپل شرما پی ایس ایل3 میں شرکت کرنے پر بے انتہا خوش ہیں  اور پشاور زلمی کو دل سے سپورٹ کررہے ہیں۔ جب کہ چند شرپسند اور ہندو انتہاپسندوں کی مخالفت کے باوجود گزشتہ روز اداکار انیل کپور کے چھوٹے بھائی  سنجے کپور بھی پی ایس ایل 3 کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے اور پی ایس ایل کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پشاور زلمی کی ٹیم کی سپورٹ میں یہاں آئے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل(انڈین پریمیئرلیگ)میں پاکستانی فنکاروں کی عدم شرکت اور کھلاڑیوں کو نہ لیے جانے پر دنیا بھر میں آئی پی ایل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے جب کہ پی ایس ایل 3 میں بھارتی فنکاروں کو مدعو کرکے انتظامیہ نے ثابت کردیا کہ فنکاروں کی آپس میں محبت چند بھارتی انتہا پسندوں کی نفرت سے کہیں اوپر ہے۔

بڑی اسکرین پر دوبارہ آمد شائقین کیلیے سرپرائز ہوگی، جیا علی

کامیابی اپنی منزل کوپانے کی دھن میں گم رہنے والوں کے قدم چومتی ہے، ایسے لوگ مشعل راہ ہوتے ہیں، ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

کامیابی اپنی منزل کوپانے کی دھن میں گم رہنے والوں کے قدم چومتی ہے، ایسے لوگ مشعل راہ ہوتے ہیں، ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  اداکارہ و ماڈل جیا علی نے کہا ہے کہ بڑی اسکرین پر دوبارہ آنا میرے چاہنے والوں کیلیے سرپرائز ہوگا۔

’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے جیا علی نے کہا کہ میں چاہتی توپہلی بڑی کامیابی کے ملنے پربھٹک جاتی مگرمیں نے ایسا نہ کیا اورثابت قدمی کے ساتھ اپنا فنی سفرشروع کیا جوآج تک جاری ہے۔ اس دوران فیشن، فلم اورٹی وی کے شعبوں میں بہت کام کیا اورآنے والے دنوں میں ناظرین مجھے منفردکرداروں میں دیکھیں گے جہاں تک بات بڑی اسکرین پر دوبارہ آنے کی ہے تویہ میرے چاہنے والوں کیلیے سرپرائز ہوگا۔

اداکارہ نے کہا کہ فیشن کی دنیا میں قدم رکھا اوروہاں سے بہترکام کرتے ہوئے ایک دن بڑے پردے کیلیے منتخب ہوئی۔ پہلی ہی فلم نے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پرپہنچادیا۔ انہوں نے بتایا کہ ماریشس جیسی دنیا کی خوبصورت لوکیشن پر عکسبند ہونے والی فلم نے جہاں مجھے ایک نئی پہچان دی، وہیں مجھے اپنی کامیابی کی ذمے داری بھی محسوس ہونے لگی۔

جیا علی نے کہا کہ میں ہمیشہ سے اپنی زندگی میں کچھ ایسا کرنا چاہتی تھی جس سے میرانام تو ہو لیکن اس کام کی وجہ سے دنیا بھرمیں پاکستان کا نام بھی روشن ہو۔ اس سلسلہ میں جب شوبز کی دنیا میں انٹری دی توکبھی نہیں سوچا تھا کہ اس کام کی بدولت میری پہچان بنے گی، بس ایک ہی بات ذہن میں تھی اورآج بھی ہے کہ اپنا کام ایمانداری، محنت اورلگن سے کرنا ہے، جوکسی بھی شعبے میں آگے بڑھنے کیلیے سب سے ضروری بات ہے۔

سعودی عرب میں عالمی یوم خواتین پر موسیقی کا میلہ ہوگا

سعودی خواتین کی تاریخ سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی جائے گی۔فوٹو: فائل

سعودی خواتین کی تاریخ سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی جائے گی۔فوٹو: فائل

ریاض:  سعودی عرب میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دارالحکومت ریاض میں واقع شاہ فہد کلچرل سینٹر میں دو روزہ موسیقی میلہ منعقد ہوگا۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس میلے کا عنوان ’’ سلمان کی بیٹیاں ‘‘ ہے اور اس میں سعودی خواتین موسیقاروں کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں خواتین شرکت کریں گی۔ اس دو روزہ موسیقی میلے کی سپانسر شہزادی نورا بنت محمد آل سعود ہوں گی، جومارچ سے شروع ہوگا جب کہ اس میں خواتین تھیٹر پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گی۔

سعودی عرب کی مشہور شاعرات اپنا کلام سنائیں گی اور سعودی خواتین کی تاریخ سے متعلق ایک دستاویزی فلم دکھائی جائے گی۔شاہ فہد ثقافتی مرکز میں سعودی خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص لابی میں مختلف شو بھی دکھائے جائیں گے۔

پروگرام میں نئے میڈیا ، فوٹو گرافی ، میڈیکل کلچر ، پلاسٹک آرٹس اور لوک ثقافت کے موضوعات پر مختلف سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس میلے کے دوران میں صحافت ، فنون لطیفہ ، تصویر کشی ، شاعری ، کھیل ، انتظامیہ اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کی حامل خواتین کو اعزازت سے نوازا جائے گا۔

نعمان اعجاز لکس اسٹائل ایوارڈ کی انتظامیہ پر برس پڑے

اگر ایوارڈز دینے نہیں آتے تو ایوارڈ کی تقریب کرتے کیوں ہو ؟،نعمان اعجاز۔ فوٹو: فائل

اگر ایوارڈز دینے نہیں آتے تو ایوارڈ کی تقریب کرتے کیوں ہو ؟،نعمان اعجاز۔ فوٹو: فائل

نامور پاکستانی اداکار نعمان اعجاز نے لکس اسٹائل ایوارڈز کے منتظمین پر تنقید کرتے ہوئے  ایوارڈ تقریب کو سوشل میڈیا ایوارڈز قرار دے دیا۔

نعمان اعجاز کا نام پاکستانی ٹیلی ویژن  کے اُن اداکاروں کے نام سے جڑا ہے جنہوں نے اپنی حقیقی اداکاری سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مداحوں کے دلوں پر ایسا سحر طاری کیا کہ ہر کسی کے پسندیدہ اداکار بن گئے ۔ حال ہی میں پاکستان میں ہونے والے سب سے بڑے ایوارڈ شو لکس اسٹائل ایوارڈ پر نعمان اعجاز ایسا بھڑکے کہ تقریب کو سوشل میڈیا کی تقریب قرار دے دیا۔

نعمان اعجاز نے اپنے ٹوئٹ میں  لکس اسٹائل ایوارڈز کے منتظمین پر تنقید  کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایوارڈز دینے نہیں آتے تو ایوارڈ کی تقریب کرتے کیوں ہو؟ ‘

نعمان اعجاز نے اپنے ایک اور  ٹوئٹ میں کہا کہ ایوارڈز کی تقریب میں اداکاروں سے زیادہ بلاگرز موجود تھے شاید ہم اب اسے لکس سوشل میڈیا ایوارڈز کہہ سکتے ہیں؟۔

یہ خبر بھی پڑھیں: جاوید شیخ کے بوسہ لینے پر ماہرہ خان کا ردعمل

واضح رہے کہ نعمان اعجاز کو ڈرامہ سیریل ’سنگ مر مر‘ کے لیے بہترین ٹی وی اداکار کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا تھا لیکن ایوارڈ اداکار احد رضا میر کو ڈرامہ ’یقین کا سفر‘ پردیا گیا۔ نعمان اعجاز نے ایوارڈز کی تقسیم اداکاری کے بجائے سوشل میڈیا پر مقبولیت کی وجہ سے دینے پر اعتراض کیا۔

بھارتی اداکارہ چلتی ٹرین میں ہراسانی کا شکار 

چالیس سالہ شخص نے اداکارہ کو اندھیرے میں چھونے کی کوشش کی۔فوٹو: فائل

چالیس سالہ شخص نے اداکارہ کو اندھیرے میں چھونے کی کوشش کی۔فوٹو: فائل

 ممبئی: بھارت کی ملیالم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ سنوشا سنتوش کو چلتی ٹرین میں جنسی طور پر ہراساں کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

خود کو سیکولر ملک کہنے والے بھارت میں جہاں فلموں میں رقص میں عریانی اور ماڈرنزم کو دکھایا جاتا ہے وہیں دوسری جانب بھارت میں آئے روز زیادتی اور ہراسانی کے واقعات دیکھنے میں آتے ہیں۔ ہالی ووڈ میں کئی اداکاراؤں کے ساتھ تو جنسی زیادتی کی خبریں زیر گردش تھیں وہیں اب بھارتی ملیالم فلم انڈسٹری کی اداکارہ  بھی چلتی ٹرین میں ہراسمنٹ کا شکار ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملیالم فلم انڈسٹری کی اداکارہ سنوشا سنتوش کے ساتھ ہراسانی کا واقعہ اُس وقت رونما ہوا جب وہ اپنی آبائی جگہ سے فلم کی شوٹنگ کے لیے دوسرے شہر جارہی تھیں تب انہیں رات کے اندھیرے میں 40 سالا شخص کی جانب سے ہراساں کرنے کی مبینہ کوشش کی گئی جس پر اداکارہ کی جانب سے شور کیا گیا تو وہاں موجود فلم کے رائٹر اور دیگر مسافروں نے ملزم کو پکڑ کر قریبی موجود ریلوے پولیس کے حوالے کردیا۔

رپورٹس کے مطابق تفتیشی آفیسر کا کہنا ہے کہ اداکارہ  کو داد دینی چاہیے کہ انہوں نے دماغ کو حاضر رکھتے ہوئے ملزم کو پکڑے رکھا اور اپنے ساتھ ہونے والی ہراسانی کے واقعے کے خلاف آواز بلند کی جب کہ اُن کا یہ اقدام نہ صرف دیگر عورتوں کے لیے بھی ایک سبق ہے بلکہ ان کے جرأت مندانہ عمل سے معاشرے میں اس طرح کے واقعات میں بھی کمی آئے گی۔