شاہ رخ کا فلم ’زیرو‘ کے سیٹ پر انوشکا کا شاندار استقبال

 فلم ’زیرو‘ 21 دسمبر 2018 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔فوٹو: سوشل میڈیا

فلم ’زیرو‘ 21 دسمبر 2018 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔فوٹو: سوشل میڈیا

 ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے فلم ’زیرو‘ کے سیٹ پر واپسی پر شاندار استقبال کرکے نئی نویلی دلہن انوشکا شرما کو حیران کردیا۔

بھارتی میڈیا رپوٹس کے مطابق  بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے شادی کے بعد بالی ووڈ حسینہ انوشکا شرما جب ہنی مون منا کر شوٹنگ کے لئے فلم ’زیرو‘ کے سیٹ پر پہنچی تو بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے ہدایتکار انند رائے کے ساتھ مل کر وینیٹی وین کو خوبصورت پھولوں اور انوشکا کی تصویروں سے سجا کر شاندار استقبال کیا جس کی خوشی کا اظہار انوشکار نے سوشل میڈیا پر بھی اپنے ایک پوسٹ میں بھی کیا۔

انوشکا شرما نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی تصویر پوسٹ کی جس میں انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’وہ کہتے ہیں کہ صرف میں واپس آئی ہوں اور میں کہوں گی کہ میری واپسی فلم ’زیرو‘ کے لئے ہے لیکن مجھے فلم میں واپسی پر خوشی ہے اور اپنے ساتھی اداکار اور عملے کے ساتھ  واپس آکر کام  کرنے پر بھی خوشی ہے۔انوشکا نے ویںیٹی وین کو خوبصورت پھولوں  سے سجانے پر شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ فلم ’زیرو ‘میں شاہ رخ خان  بونے کا کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ اُن کے مدمقابل انوشکا شرما اور کترینہ کیف مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جب کہ فلم 21 دسمبر 2018 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔