شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری کے ساتھ پہلی سیلفی

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنی اہلیہ گوری خان کے ساتھ پہلی بار سیلفی شیئر کرتے ہوئے نہایت دلچسپ ٹوئٹ کی ہے۔

سوشل میڈیا کے اس دور میں ہر انسان چاہے وہ عام آدمی ہویا مشہورشخصیت اپنی تصاویر اور ویڈیوز سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر شیئر کرنا لازمی سمجھتا ہے۔ بالی ووڈ فنکاروں میں بھی یہ ٹرینڈ بہت عام ہوگیا ہے، شاہد کپور، انوشکا شرما، ویرات کوہلی ، سونم کپور سمیت بالی ووڈ کے متعدد اداکار اپنے لائف پارٹنرز کے ساتھ سیلفیز سوشل میڈیا پر شیئر کرکے اُن سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ تاہم آج تک بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے کبھی بھی اپنے دل کی ملکہ گوری خان کے ساتھ کوئی سیلفی سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی، حالانکہ شاہ رخ خان سوشل میڈیا پر کافی سرگرم رہتے ہیں اوراکثر اپنی اوراپنے بچوں کی تصاویراورویڈیوز شیئر کرتے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی فلم’زیرو‘کاٹیزر دیکھ کر ماہرہ خان کا حیران کن ردعمل

لیکن اب شاہ رخ خان نے پہلی بار اپنی اہلیہ کے ساتھ سیلفی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے اور کہا ہے’’بالآخر برسوں بعد مجھے میری بیوی نے اجازت دے دی کہ میں ان کے ساتھ اپنی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کروں۔‘‘

شاہ رخ خان کی اس ٹوئٹ سے واضح ہوتا ہے کہ ان کی اہلیہ گوری خان نے آج تک شاہ رخ کو دونوں کی سیلفی ایک ساتھ شیئر کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ شاہ رخ کی جانب سے پوسٹ کی گئی تصویر میں دونوں کسی نوجوان جوڑے کی طرح سیلفی کے لیے پوز دیتے ہوئے نظرآرہے ہیں جب کہ شادی کو برسوں گزرجانے کے باجود آج بھی دونوں کے درمیان محبت صاف نظرآرہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی اہلیہ سے بریانی بنانے کی فرمائش

واضح رہے کہ شاہ رخ خان ان دنوں اپنی فلم’’زیرو‘‘کی شوٹنگ سے فارغ ہونے کے بعد اپنی فیملی کے ہمراہ یورپ میں چھٹیوں کے مزے لے رہے ہیں، یورپ سے واپسی کے بعد وہ فلم کی تشہیری مہم میں حصہ لیں گے۔ فلم ’’زیرو‘‘ 21 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

The post شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری کے ساتھ پہلی سیلفی appeared first on ایکسپریس اردو.