سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان

فلم میں سنجے دت کا مرکزی کردار بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے اداکیا ہے؛ فوٹوفائل

فلم میں سنجے دت کا مرکزی کردار بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے اداکیا ہے؛ فوٹوفائل

ممبئی: سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور اداکار سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم کا انتظار شائقین طویل عرصے سے کررہے ہیں۔ فلم میں سنجے دت کا مرکزی کردار رنبیر کپور نے ادا کیا ہے۔ سنجے دت کی زندگی ابتدا ہی سے کئی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ وہ غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں جیل کی ہوا بھی کھاچکے ہیں جب کہ مادھوری ڈکشٹ سمیت بالی ووڈ کی دیگر اداکاراؤں کے ساتھ معاشقے کی خبروں کے باعث بھی سنجے دت خبروں میں رہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مادھوری کا سنجے دت کی  فلم پربات کرنے سے انکار

مجموعی طور پر سنجے دت کی زندگی کئی دلچسپ نشیب و فراز سے بھرپور ہے یہی وجہ ہے کہ ’تھری ایڈیٹس‘اور’پی کے‘جیسی کامیاب فلمیں تخلیق کرنے والے ہدایت کار راجکمار ہیرانی نے سنجے دت کی زندگی پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔ فلم کی شوٹنگ 2017 سے جاری ہے لیکن ابھی تک فلم کا نام اور ریلیز کی تاریخ منظرعام پر نہیں آئی تھی۔ تاہم اب فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔ فوکس اسٹار ہندی اور راجکمار ہیرانی کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹ کے مطابق فلم رواں سال 29جون کو ریلیز کی جائے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: رنبیر کپور بھی ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ بننے لگے

واضح رہے کہ فلم میں رنبیر کپور نے سنجے دت کے کردارکے لیے وزن میں اضافے کے ساتھ اپنے حلیے میں بھی کافی تبدیلیاں کیں جب کہ فلم میں سنجے دت کی  والدہ اداکارہ نرگس کا کردار منیشا کوئرالہ اور والد سنیل دت کا کردار پاریش راول ادا کررہے ہیں۔ ان کے علاوہ اداکارہ سونم کپور بھی فلم میں اہم کردار نبھاتی ہوئی نظر آئیں گی۔