سجل علی کا احد رضامیر کے نام محبت بھرا پیغام

کراچی: نامور پاکستانی اداکارہ سجل علی کا اداکار احد رضامیر کے نام لکھا گیا محبت بھرا پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

پاکستان کی خوبرو اداکارہ سجل علی اورفلم’’پروازہےجنون‘‘میں اداکاری کے جوہر دکھانےو الے اداکار احد رضامیر کی جوڑی مقبول ترین ڈراما سیریل’’یقین کا سفر‘‘سے لوگوں کے دل میں اتری ہوئی ہے۔ سجل اور احد ساتھی اداکار ہونے  کے ساتھ ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست بھی ہیں اور ہر موقع پر ایک دوسرے کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کرتے نظر آتے ہیں۔ حال ہی میں احد رضامیر کی فلم’’پرواز ہے جنون‘‘ کا ٹریلر لانچ ہوا ہےجس میں حمزہ علی عباسی کے ساتھ احد رضا میر کی اداکاری کو بھی بے حد پسند کیاگیا ہے۔ اسی حوالے سے سجل علی نے اپنے قریبی دوست احد رضامیر کے نام ایک محبت بھرا پیغام تحریر کیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی نے سب کی چھٹی کردی

سجل علی نے انسٹاگرام پر احد کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’’میں خود کو مبارکباد کا یہ پیغام لکھنے سے روک نہیں سکی، میں یہ پیغام صرف اسلیے نہیں لکھ رہی کہ ’پرواز ہے جنون‘‘میں احد رضامیر نے بہترین اداکاری کی ہے بلکہ میں یہ پیغام احد رضامیر کی والدہ کے لیے بھی لکھنا چاہتی ہوں جن کی آنکھوں میں اپنے بیٹے کی کامیابی کی چمک ہی کچھ اور تھی۔

سجل علی نے احد رضامیر کی والدہ کے ساتھ تصویر شیئر کی اور مزید لکھا کہ کروڑوں مداح بننے سے پہلے آپ کی ماں آپ کی پہلی مداح ہوتی ہے، پہلی محبت، پہلی تنقید نگار اور آپ کو سپورٹ کرنے والی پہلی ہستی بھی آپ کی ماں ہوتی ہے، لہٰذا احد میں تمہیں ایک چیز کہنا چاہتی ہوں ہم سب کو تم پر فخر ہے لیکن تمہاری ماں کو تم پر ہم سب سے زیادہ فخر ہے، مبارک ہو!‘‘۔

واضح رہے کہ احد رضامیر، حمزہ علی عباسی اور ہانیہ عامر کی فلم’’پرواز ہے جنون‘‘پاکستان کے بہادر ایئرفورس پائلٹس کے گرد گھومتی ہے، فلم میں تینوں اداکار ایئرفورس پائلٹس کا کردار نبھارہے ہیں۔ فلم عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

The post سجل علی کا احد رضامیر کے نام محبت بھرا پیغام appeared first on ایکسپریس اردو.