زبیدہ آپا کے انتقال پر معروف اداکاروں کا اظہار افسوس

زبیدہ آپا کے انتقال پر اداکاروں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے؛ فوٹوفائل

زبیدہ آپا کے انتقال پر اداکاروں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے؛ فوٹوفائل

کراچی: سوشل میڈیا پر پاکستان شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکاروں نے زبیدہ آپا کے انتقال پراظہار افسوس کرتے ہوئے  مرحومہ کے بلند درجات اور لواحقین کے صبر جمیل کے لئےدعا کی۔

ماہر امورخانہ داری زبیدہ طارق المعروف زبیدہ آپا گزشتہ روز کراچی میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئیں۔ زبیدہ آپا کے انتقال کے بعد فلم اور ٹی وی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اداکاروں کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

اس خبر کوبھی پڑھیں: امورخانہ داری کی ماہر زبیدہ آپا انتقال کرگئیں

معروف پاکستانی اداکارہ ماورہ حسین نے زبیدہ آپا کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی خوبصورت ساڑھیاں، آپ کے مصالحے اور آپ کے ٹوٹکے کبھی نہیں بھولیں گے۔ خدا آپ کی مغفرت کرے۔

نامور اداکارومیزبان فہد مصطفی نے بھی ٹوئٹر پر زبیدہ آپا کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خدا انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطاکرے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے بھی زبیدہ آپا کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ وہ انہیں بچپن سے جانتی تھیں، وہ ہمارے دلوں میں بستی تھیں۔

نامور اداکارہ مایا علی کا کہنا تھا ’لوگ چلے جاتے ہیں بس یادیں رہ جاتی ہیں‘۔ اللہ انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

فخر عالم نے بھی ٹوئٹر پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زبیدہ آپا ہماری ماں جیسی تھیں وہ ہمیں بہت یاد آئیں گی۔

پاکستان کی نامور مصنفہ حسینہ معین نے اپنے فیس بک پیج پر زبیدہ آپا کی تصویر شیئر کی اورلکھا زبیدہ طارق (آپا) ایک نام ایک عہد اب بس ایک یاد”

ناموراداکار عدنان صدیقی نے بھی زبیدہ آپا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا زبیدہ طارق کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ مسجد عائشہ میں ادا کی جائے گی۔

معروف میزبان شائستہ لودھی نے بھی زبیدہ آپا کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ کی رحم دلی، حاضر دماغی اور سادگی ہمیشہ یاد آئے گی، خدا آپ کو مغفرت دے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے آمین۔