زبیدہ آپا کی زندگی کا آخری وڈیو پیغام

زبیدہ آپا نےوڈیو پیغام میں تمام لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد دی تھی؛ فوٹوفائل

زبیدہ آپا نےوڈیو پیغام میں تمام لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد دی تھی؛ فوٹوفائل

کراچی: ماہر امور خانہ داری اور ہر دلعزیز کوکنگ ایکسپرٹ زبیدہ طارق نے اپنی زندگی کے آخری پیغام میں تمام لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد دی تھی۔

گزشتہ روز حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرنے والی ہردلعزیز زبیدہ آپا متاثر کن شخصیت، دوسروں کی مدد کرنے کے جذبے اور اپنے ٹوٹکوں کے باعث ہمیشہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ زبیدہ آپا کے انتقال کی خبرسیاسی و سماجی شخصیات، اداکاروں اور ان کے مداحوں سمیت تمام لوگوں پر بجلی بن کر گری۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: امورخانہ داری کی ماہر زبیدہ آپا انتقال کرگئیں

زبیدہ آپا نے سال نو کے موقع پرایک وڈیو پیغام کے ذریعے تمام لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد دی تھی لیکن انہیں کیا خبر تھی کہ یہ ان کی زندگی کا آخری پیغام ثابت ہوگا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آج سال کا آخری دن ہے، 2017 جارہا ہے لہٰذا ہمیں اسے خدا حافظ کہنا چاہیئے لیکن کل 2018 شروع ہورہا ہے آپ سب کو نیا سال بہت مبارک ہو۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: زبیدہ آپاہم آپ کو کبھی نہیں بھولیں گے

اپنے پیغام میں انہوں نے کراچی کی بہتری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں ہم عہد کرتے ہیں کہ ہمارا شہر کراچی چمکتا دمکتا رہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: زبیدہ آپا کے انتقال پر سیاسی رہنماؤں کا اظہار تعزیت

زبیدہ آپا نے تعلیم پر توجہ دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں کو ٹھیک کروائیں تاکہ ہر بچہ تعلیم حاصل کرسکے۔ 2018 اتنا خوبصورت آئے کہ ہماری ساری تکالیف دور ہوجائیں۔