جھانوی کپور کی پہلی ہی فلم 100 کروڑ کمانے میں کامیاب 

 ممبئی: بالی ووڈ پربرسوں راج کرنے والی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی صاحبزادی اداکارہ جھانوی کپور کی پہلی فلم ’دھڑک‘ دنیا بھر سے 100 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

سری دیوی نے ایک عرصے تک بالی ووڈ پر راج کیا اور اپنی اداکاری سے مداحوں کو خوب محظوظ کیا اور اب ان کی بیٹی جھانوی کپور بھی اپنی ماں کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے فلم نگری میں داخل ہوئیں اور اپنی پہلی ہی فلم ’دھڑک‘ کے ذریعے دنیا بھر سے 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرکے دیگر اداکاراؤں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپوراور شاہد کپور کے چھوٹے بھائی ایشان کھتر کی ڈیبیو فلم ’’دھڑک‘‘ سے لوگوں کو کافی اُمیدیں وابستہ تھیں اور دونوں اداکاروں نے مداحوں کو مایوس نہیں کیا بلکہ اچھی کہانی کے ساتھ بہترین اداکاری کی وجہ ہے کہ فلم نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر کے سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔

معروف ہدایتکار و فلمساز کرن جوہر نے سماجی رابطے کی ایپ انسٹا گرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے فلم کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ فلم ’دھڑک‘ عالمی سطح پر دل جیتنے میں کامیاب ہو گئی ہے جس نے دنیا بھر میں 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: جھانوی کپور کی فلم’’دھڑک‘‘مداحوں کو بھاگئی

واضح رہے کہ کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی جھانوی کپور اور ایشان کھتر کی فلم کی کہانی امیر لڑکی اور غریب لڑکے درمیان محبت اور پھر اس محبت کے درمیان آنے والی مشکلات کے گرد گھومتی ہے جب کہ یہ مراٹھی فلم ’’سیرت‘‘کا آفیشل ری میک ہے۔

The post جھانوی کپور کی پہلی ہی فلم 100 کروڑ کمانے میں کامیاب  appeared first on ایکسپریس اردو.