اکشے کمار کی نئی فلم ’کیساری‘ کی پہلی جھلک منظرعام پر آگئی

فلم ’کساری‘ 2019 میں ہولی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔فوٹو: فائل

فلم ’کساری‘ 2019 میں ہولی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار کی  نئی فلم ’کیساری‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی۔

بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار کے ستارے اس وقت اپنے عروج  پر ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ گزشتہ کئی سال سے سپر ہٹ فلمیں دے رہے ہیں جب کہ ان کی گزشتہ پانچ فلمیں مسلسل 100 کروڑ کے کلب میں داخل ہوچکی ہیں جن میں ’ایئر لفٹ‘، ’ہاؤس فل 3‘ ،’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘، ’رستم‘ اور ’جولی ایل ایل بی ٹو‘ شامل ہیں۔

بالی ووڈ کھلاڑی کی اس سال بھی 3 فلمیں ریلیز ہوں گی جن میں پہلی فلم ’پیڈمین‘ ہے جو رواں ماہ ریلیز ہوگی جب کہ دیگر 2 فلموں میں رجنی کانت کی کامیاب فلم ربورٹ کا سیکوئل ’2.0‘ اور فلم ’گولڈ‘ شامل ہیں جب کہ ان کی نئی فلم ’کیساری‘ کی جھلک نے بھی ہلچل مچادی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایکشن ہیرو اکشے کمار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انوراگ سنگھ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کیساری ‘کی پہلی جھلک جاری کردی جس میں وہ سکھ کا کردار نبھاتے ہوئے دکھائی دیں گے جب کہ انہوں نے لکھا ہے کہ سال 2018 کے آغاز میں فلم ’کیساری ‘ کے موقع پر کوئی احساس نہیں سوائے بے انتہا خوشی ، فخر اور شکر کے کیوں کہ یہ میری بہت جنون اور لگن سے بنائی ہوئی  سب سے اہم فلم ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’کیساری‘ کی کہانی سرگڑھی میں لڑی جانے والی جنگ کے گرد گھومتی ہے جس میں اکشے کمار کمانڈر حولدار ایشار سنگھ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اکشے کمار اور کرن جوہر ملکر پروڈیوس کریں گے جب کہ فلم 2019 میں ہولی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔